ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / آسٹریلین اوپن:ولیمز بہن فائنل سے ایک میچ دور

آسٹریلین اوپن:ولیمز بہن فائنل سے ایک میچ دور

Wed, 25 Jan 2017 19:32:49    S.O. News Service

میلبورن،25جنوری(ایس  اونیوز/آئی این ایس انڈیا)آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں جاری اس سال کے پہلے ٹینس گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن میں امریکہ کی ولیمز سسٹرز، سرینا ولیمز اور وینس ولیمز کے مابین فائنل کا امکان بڑھتا جا رہا ہے۔بدھ کو کھیلے گئے کوارٹر فائنلز میں سرینا ولیمز نے برطانیہ کی جوانا کونٹا کو باآسانی سٹریٹ سیٹس میں 6-2، 6-3سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی جہاں وہ کل کروشیا کی مرجانا لوچچ بارونی کے مدمقابل ہوں گی۔مرجانا لوچچ بارونی نے ایک اور کوارٹر فائنل میچ میں جمہوریہ چیک کی کیرولینا پلسکووا کو سخت مقابلے کے بعد تین سیٹس میں 6-4، 3-6، 6-4کے سکور سے شکست دی۔سرینا کی بڑی بہن، 36سالہ وینس ولیمز پہلے ہی سیمی فائنل میں جگہ بنا چکی ہیں جہاں وہ ہم وطن کو کو واندے ویگھ کے خلاف کل اپنا میچ کھیلیں گی۔

ادھر مردوں کے مقابلوں میں آج کھیلے گئے پہلے میچ میں بلغاریہ کے گریگور دیمیتروو نے بلجیم کے ڈیوڈ گوفن کو تین سیٹس 6-3، 6-2، 6-4میں شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی ہے۔وہاں ان کا سامنا سپین کے رافیل نڈال یا کینیڈا کے ملاس راؤنچ کے میچ کے فاتح کے ساتھ ہو گا۔کل مردوں کا پہلا سیمی فائنل سؤٹزرلینڈ کے دو کھلاڑیوں، راجر فیڈرر اور سٹینسیلاس واورنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔سابق نمبر ایک کھلاڑی اور سب سے زیادہ گرینڈ سلیم جیتنے والے 35سالہ فیڈرر ٹینس سے چھ ماہ کی دوری کے بعد اپنا پہلا ٹورنامنٹ کھیل رہے ہیں۔
 


Share: